اُردُولُغت

اردو ذخیرہ الفاظ

آن لائن اردو لغت مفصل تلاش کے ساتھ

https://www.urdulughat.pk/Post/aik-express-train

ایک ایکسپرس ٹرین

ایک ایکسپرس ٹرین

اذیت ناک اس گاڑی کا اندازِ روانی ہے

بڑی دلدوز اس کے ہر مسافر کی کہانی ہے

سفر کی ہر صعوبت اک بلائے نا گہانی ہے

نہ روٹی ہے نہ سالن ہے نہ چائے ہے نہ پانی ہے

یہ ڈیزل کی بجائے ہر قدم پر جان کھاتی ہے

جوانی آدمی کی راستے میں بیت جاتی ہے

یہاں ایمان کی دولت بھی ہے اک جنسِ بے مایہ

نکل جاتا ہے ہر اک دل سے غمخواری کا سرمایہ

حقیقت میں یہ راز اب تک سمجھ کوئی نہیں پایا

گیا اک بار جو بیت الخلا میں پھر نہیں آیا

جو تھی جائے فراغت بن گئی جائے اماں شاید

یہی ہے گوشہ محفوظ زیرِ آسماں شاید

ترس آتا ہے رہ رہ کر مجھے ان ناتوانوں پر

پڑے ہیں بوجھ بن کے جو تھکے ہارے جوانوں پر

سلاخوں سے چمٹ کر جو کھڑے ہیں پائیدانوں پر

ہیں ان کی خانہ بربادی کے قصے آسمانوں پر

ہر اک جھٹکے پہ ٹانگیں کانپتی ہیں دم نکلتا ہے

سنبھل کر کوئی گرتا ہے کوئی گر کر سنبھلتا ہے

وہی گاڑی پہ قابض ہے اسی کا بول بالا ہے

وہ جس نے اپنے اک ساتھی کا کرتا پھاڑ  ڈالا ہے

ٹفن کھانے کا جس نے اپنے ہاتھوں میں سنبھالا ہے

سمجھ لو فاقہ مستوں کے لیے وہ تر نوالہ ہے

کمر باندھے ہوئےلڑنے کو یاں سب  یار بیٹھے ہیں

جو اپنے ہیں جھپٹنے کے لیے تیار بیٹھے ہیں

ملتے جلتے آرٹیکلز