اُردُولُغت

اردو ذخیرہ الفاظ

آن لائن اردو لغت مفصل تلاش کے ساتھ

https://www.urdulughat.pk/Post/insaan-ki-takmeel

انسان کی تکمیل

انسان کی تکمیل

 

اور خدائوں کے خدا نے اپنی ذات سے ایک روح  علیحدہ کر کے پہلے اسے حسن و جمال عطا فرمایا ، پھر نسیم سحر کی نرمی ، گل ہائے چمن  کی خوشبو اور نور قمر کی لطافت۔ اس کے بعد ، اسے عشرت کا ایک جام دیا اور کہا:

یہ تو اس وقت پینا، جب غم دیروز سے غافل  اور فکر رفردا سے بے نیاز ہو جائے  پھر غم کا ایک جام دیا اور کہا:

اس کے پینے سے زندگی کی مسرتوں کا راز تیری سمجھ میں آجائے گا!

پھر اس میں وہ محبت پید اکی ، جو کم حصلگی کی پہلی آہ کے ساتھ فنا ہو جاتی ہے، اور  وہ رس ، جو غرور کے پہلے بول کے ساتھ رخصت ہو جاتا ہے۔

پھر  اس پر آسمانی علم اتارا   ، جو سچائی کے راستوں کی طرف اس کی راہنمائی کرتی ہے اس کی گہرائیوں میں ایک بصیرت پیدا کی ، جو غیر مرئی  چیزوں کو دیکھتی ہے اور اس میں ایک جذبہ ودیعت کیا، جو خیالات کے ساتھ بہتا اور تصورات کے ساتھ چلتاہے۔

پھر اسے تمنا کا لباس پہنایا جسے فرشتوں نے قوس قزح کی لہروں سے بنا تھا ، اس کے بعد اس میں حیر ت کی تاریکی پیدا کی ۔۔۔۔۔۔اور وہ نور کا سایہ ہے!

اور خدائوں کے خدا نے قہرو غضب کی بھٹی سے آگ  جہالت کے صحرائوں سے ہوا اپنائیت کے ساحل سمندر سے  ریگ اور زمانے کے قدموں تلے  سے مٹی اور ان سب کے امتزاج سے انسان کو پیدا کیا۔

پھر اسے ایک اندھی قوت عطاکیا ، جو جنون کے وقت بھڑک اٹھتی اور خوایشوں کے سامنے بجھ جاتی ہے۔اس کے بعد اس میں  زندگی پیدا کی۔۔۔۔۔۔۔۔ اور وہ موت کا سایہ ہے! خدائوں کا خدا پہلے ہنسا پھر  رو دیا، اس نے محبت کا بے پایاں جذبہ محسوس کیا پھر انسان اور اس کی روح کو آپس میں ملا دیا۔

ملتے جلتے آرٹیکلز