اُردُولُغت

اردو ذخیرہ الفاظ

آن لائن اردو لغت مفصل تلاش کے ساتھ

https://www.urdulughat.pk/Post/zindagi-ki-gari

زندگی

زندگی

گاڑی پھر چلتے چلتے گرم ہونے لگی۔
زندگی کی گاڑی چلتے چلتے اپنے پٹے سے اتر جائے تو سورج کی تمام تمازت حدت بن کر مزاجوں میں اتر آتی ہے۔ دماغ بھاپ بن کر بھک سے اڑ جاتا ہے اور دھواں آنکھوں میں بھر کر دل کی لٹیا ڈبو دینے پر قادر۔۔۔
اوس چاٹے پیاس کہاں بجھتی ہے؟ 
تدبیر کے تولیے سے بدقت منہ سے تقدیر کا پسینہ پونچھ بھی لیا جائے اور گاڑی کو گالی دے کر جیسے تیسے اپنے جذبات ٹھکانے رکھنے کی سعی ناتمام بھی کر لی جائے تو بھی معاز اللہ۔۔۔
نہ مجھے اور نہ تجھے ٹھور۔۔۔
لحظہ آتش افروز چیستان کو روز ازل سے مشافگان چابکدست و کاملان فن دست تقدیر سنوار رہے ہیں۔ قضا گفت گیرو قدر گفت دہ۔۔۔ دلائل قاطع اور براہین ساطع کے ساتھ دعوی بے دلیل۔۔  ذلیل۔
تھرموسٹیٹ کی سوئیاں بھی وقت کی طرح بھاگی جاتی ہیں۔ گزرتے وقت کی ہم رکاب بنی ہوا کے سبک رفتار گھوڑے پر سوار۔۔۔ پٹخنی کھا کر گرنے تک کا سواد الگ سے۔۔۔
مجبورا" ایمرجنسی لائٹ آن کر کے زندگی کی ہائے وے سے سائیڈ سٹریٹ پر اترنا پڑتا ہے۔ کار کا ہڈ کھول کر ہانپتے دہکتے انجن کو تکنا گویا عمر گزشتہ کی رائیگانی کا محاسبہ کرنا ہے۔۔۔
جاٹ نہ جانے گن کو اور چنا نہ جانے باہ
جاٹ کے سر گھونسڑا اور چنے کے سر چھاہ
         دھیان گیان کی عینک سے یوں بھی کم دکھتا ہے، جو دکھے سو بھلا، آٹھوں گانٹھ کمیت لمحے اپنا اپنا حساب الگ چاہتے ہیں۔ 
دعائے صبح و آہ شب، کلید گنج مقصود است
بایں راہ و روش می رو کہ با دل دار پیوندی
پھر آخری دنوں من کی حالت بھی اسی انجن کی سی ہوتی ہے جو زندگی بھر گدھے کی طرح خاموش بھاری بھر کم بوجھ لادتے لادتے، بےچارگی و لاچاری سے سامان ڈھوتے ڈھوتے تھک جائے تو یک لخت دم توڑنے کی ٹھان لے۔

ملتے جلتے آرٹیکلز